تہران/اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے کہا ہے کہ مسلمان ملکوں کی مشکلات اورغیرملکی طاقتوں کی مداخلت کی بنیادی وجہ مسلمان ملکوں کے درمیان عدم اتحاد ہے۔’’ولایت ٹائمز‘‘ نے ’’ابنا‘‘ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیر نے الجزائر کے دورے کے دوران سینیٹ کے چیئرمین عبدالقادر بن صالح سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مختلف سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی میدانوں میں الجزائر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں مضبوط بنانے کے لیے مکمل آمادگی رکھتا ہے۔انہوں نے ایران اور الجزائر کو عالم اسلام کے دو اہم ممالک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج یمن، شام، عراق، لیبیا اور افغانستان سمیت بعض اسلامی ملکوں میں بدامنی رونما ہوئی ہیں اور ایران اور الجزائر جیسے ممالک اپنے وسیع تعاون اور صلاح و مشورے سے ان مسائل کو حل کرنے اور مسلمانوں کے مصائب و آلام کو کم کرنے کی راہ حل ڈھونڈ سکتے ہیں۔اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے تیل کی قیمتوں میں کمی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں بہت زیادہ کمی صرف اقتصادی مقاصد کے تحت نہیں ہو سکتی ہے بلکہ اس کا بہت اہم پہلو سیاسی ہے ۔الجزائر کی سینیٹ کے چیئرمین نے بھی اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تاریخی تعلق کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ گہرا تعلق تہران و الجزیرہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایک اچھی بنیاد بن سکتا ہے۔ ایران کو الجزائر کا حامی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الجزائر بھی ہمیشہ ایران کا حامی رہا ہے اور ان اداروں میں کہ جہاں ایران موجود نہیں تھا، الجزائر نے ایران کے موقف کا دفاع کیا ہے۔