ممبئی؛ مسجدایرانیان میں انہدام جنت البقیع کے سو سال مکمل ہونے پر احتجاجی جلسہ منعقد؛نمائندہ ولی فقیہ ہند سمیت ملک کے معروف علمائے کرام اور دانشوروں کی شرکت

نئی دہلی/ولایت ٹائمز نیوز سرویس/انہدام جنت البقیع کےسو سال مکمل ہونے پر بھارت کے شہر ممبئی کی معروف و قدیمی عبادتگاہ مسجد ایرانیان میں ایک عظیم الشان احتجاجی جلسہ منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں علمائے کرام ، دانشوران اور مومنین کی کثیر تعداف نے شرکت کے کی اور امت مسلمہ پر زور دیا کہ جنت البقیع اور جنت المعلی کے تعمیر نو کیلئے اپنی آواز اٹھاکر عالم گیر تحریک کو مضبوط بنائیں۔تقریب میں ولی فقیہ اور انقلاب اسلامی کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے ہندوستان کیلئے خصوصی نمائندہ آیت اللہ حاج مہدی مہدوی پور نے شرکت کی اور اپنی بصیرت افروز تقریر میں بقیع کی مظلومیت اور اہمیت کو بیان کرتے ہوئے تکفیریت کے خطرات اور چلینجز پر مفصل روشنی ڈالی۔

ایران کے معروف عالم دین اور نمائندہ ولی فقیہ ہند آیت اللہ مہدی مہدوی پور نے عالمی سامراج و عالم استکبار کی ریشہ دوانیوں کو بیان کرتے ہوئے سلطنت عثمانیہ کے زوال اور وہابی نظریات و افکار کی ترویج کی بنا پر امت مسلمہ کے اندر پائے جانے والے خلا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی دشمن نے کس طرح اسی خلا سے استفادہ کرتے ہوئے امت مسلمہ کو اپنے مکروہ عزائم کا شکار بنا کر انہیں گروہوں میں بانٹ دیا۔

نمایندہ ولی فقیہ نے اپنے بصیرت افروز بیانات میں مرجعیت کی طاقت و اہمیت کو بیان کرتے ہوے کہا کہ آج اگر روضہ ہای مقدس باقی ہیں تو مرجعیت کے نا قابل فراموش کردار کی وجہ سے باقی ہیں ۔انہوں نے آیت اللہ سیستانی و آیت اللہ خامنہ ای کی قابل قدر زحمات کا تذکرہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنی مرجعیت کی طاقت کو سمجھنا چایئے ۔

یہ مرجعیت ہی کی طاقت تھی جس نے ہمارے مقدس مقامات کو بچانے میں نا قابل فراموش کردار ادا کیا۔اس پروگرام میں سر زمین کشمیر سے آئے معروف خطیب اور عالم دین حجۃ الاسلام و المسلمین غلام رسول نوری نے بھی شعار و شعور کے پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات کو بیان کیا ہے جس طرح تعظیم شعائر ضروری ہے شعور شعائر بھی ضروری ہے ۔

اس احتجاجی جلسہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ممبئی میں قونصل جنرل علی خانی نے بھی اپنی تقریر امت مسلمہ کے مسائل کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنے پر زور دیا ۔

شہر کے معتبر و عالی قدر عالم حجہ الاسلام و المسلمین سید حسین مہدی حسینی نے بھی اپنے فکر انگئز بیانات سے سامعین کے قلوب کو منور کیا۔

پروگرام کے آخر میں مسجد ایرانیان کے امام جماعت مولانا سید نجیب الحسن زیدی نے پروگرام میں حاضر تمام علماء و منتظمین و حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بقیع و حرم امام رضا کے تقابل پر مشتمل آزاد نظم پیش کی جسکے بعد بقیع پر ایک دستاویزی فلم کو اسکرین پر دکھایا گیا ۔بعدہ منہال و عمران کے پر سوز نوحوں کے ذریعہ مسجد کی فضا غم گین ہو گئی اور ماتم و گریہ کے ساتھ یہ پروگرام حجت الاسلام والمسلمین نجفی کے ذریعہ پڑھائی گئی زیارت پر اختتام پذیر ہوا۔