ابوجا/ نائجیریائی اسلامی تحریک کے سربراہ آیت اللہ شیخ زکزکی کے فرزند نے ایک کھلے خط میں لکھا ہے کہ ان کے والد کی جسمانی حالت خراب ہونے کے باوجود بھی انہیں کسی قسم کی طبی سہولت فراہم نہیں کی جارہی ہے۔عالمی اردو خبرر ساں ادارے ’’نیوز نور‘‘ کی رپورٹ کے مطابق نائجیریا ئی اسلامی تحریک کے سربراہ آیت اللہ شیخ زکزکی کے فرزند’’ شیخ ابراہیم نے ایک کھلے خط میں لکھا ہے کہ ان کے والد کی جسمانی حالت خراب ہونے کے باوجود بھی انہیں کسی قسم کی طبی سہولت فراہم نہیں کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیر سے مفلوج اور ایک آنکھ کی بینائی سے محروم ہونے کے باوجود انہیں بے جا الز امات کے تحت قید میں رکھا ہوا ہے اور ان کے وکیل کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔شیخ ابراہیم نے کہا کہ نائجیریا ئی فوج نے ان کے تین سگے بھائیوں، پھوپی اور کئی قریبی عزیزوں سمیت ایک ہزار سے زیادہ افراد کو شہید کرکے اجتماعی قبروں میں دفن کردیا ہے۔یاد رہے کہ نائجیریا ئی فوج نے گزشتہ سال دسمبر کے دوسرے ہفتے میں تحریک اسلامی کے کارکنوں کے ایک مذہبی اجتماع پرحملہ کرکے لوگوں کو گولیوں سے بھون ڈالا جس کے نتیجے میں حکومت کے بقول تین سو سینتالیس افراد جاں بحق ہوئے جبکہ تحریک اسلامی کا کہنا ہے کہ فوج کے اس حملے میں کم ازکم ایک ہزارافراد شہید اور سیکڑوں کی تعداد میں زخمی ہوگئے تھے۔