نائیجریا میں بوکوحرام کے حملے میں 18 خواتین ہلاک

ابوجہ/نائیجریا میں وہابی دہشت گرد تنظیم بوکوحرام نے ایک گاؤں پر فائرنگ اور گھروں کو نذر آتش کرکے 18 خواتین کو ہلاک کردیا ہے۔اطلاعات کے مطابق نائیجیریا کے شمال مشرقی گاؤں میں نماز جنازہ کے دوران دہشت گرد تنظیم بوکوحرام نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 18 خواتین ہلاک ہوگئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بوکوحرام کے دہشت گردوں نے گاؤں میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور گھروں کو آگ بھی لگادی جب کہ حملے کے بعد سے اب بھی کئی خواتین لاپتہ ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نائیجیریا کے گاؤں میں بوکو حرام نے متعدد بار حملہ کرکے بچوں اور خواتین سمیت کئی افراد کو قتل کیا ہے جب کہ حملوں کے دوران سیکڑوں خواتین کو یرغمال بھی بنایا گیا ہے۔