ادھمپور/کشمیری نوجوانوں کو تشدد کا راستہ ترک کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے وزیر اعظم ہند نریندر امودی نے کہا کہ گزشتہ40برسوں کے دوران خون خرابے سے کچھ حاصل نہیں ہوا بلکہ وادی لہو لہان ہوئی اور کشمیری ماؤں نے صرف اور صرف اپنے لختِ جگر کھوئے ۔ پتھر بازی کرنے والے کشمیری نوجوانوں کو گمراہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کے پاس دو ہی راستے ہیں،جو انکے مستقبل کا فیصلہ کریں گے،ایک سیاحت کا دوسرا شدت پسندی کا،اب فیصلہُ ان کو کرنا ہے وہ کون سا راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں ۔چنانی ۔ناشری ٹنل کو جموں وکشمیر کیلئے قسمت کی لکھیر سے تعبیر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس جدید ترین سہولیت سے نہ صرف جموں وکشمیر اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا بلکہ شعبہ سیاحت اورمیوہ صنعت کو بھی نئی جہت ملے گی ۔نام لئے بغیر پاکستا ن کو غیر مستحکم ملک قرار دیتے ا وزیر اعظم ہند نے کہا کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے عوام کو بھی یہ دکھا ئیں گے کہ تعمیر وترقی کیا ہوتی ہے ۔انہوں نے چنانی ۔ناشری ٹنل جیسی مزید9ٹنلوں کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے نریندرا مودی نے کہا کہ کشمیریت ،انسانیت اورجمہوریت کے منتر سے جموں وکشمیر کو خوشحال اور اقتصادی طور ترقی یافتہ ریاست بنایا جائیگا۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق چنانی ۔ناشری ٹنل کا افتتاح کرنے موقع پر ادھمپورمیں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے چنانی۔ ناشری ٹنل کو کشمیر کی قسمت کی لکیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب جموں وکشمیر میں نہ صرف رابطوں کا نیٹ ورک بچھ جائیگا بلکہ دلوں سے دلوں کا ملاپ بھی ہوگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹنل نہ صرف جموں اور کشمیر کے درمیان زمینی رابطے کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرے گی بلکہ یہ ٹنل جموں وکشمیر کی ترقی کی طرف ایک لمبی چھلانگ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ سے پریشان ہیں لیکن ہندوستانی انجینئروں نے ایسی فن تعمیر کا نمونہ پیش کیا جو پوری دنیا کیلئے ایک بڑی خبر ہے ۔ کشمیری نوجوانوں سے براہ راست مخاطب ہوکر وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے کہا کہ کشمیر کے ایک حصے میں نوجوان اپنا خون پسینہ بہا کر جموں وکشمیر کو ترقی کی طرف گامزن کر رہا ہے جبکہ دوسرے حصے میں پتھر بازی کرکے وہ جموں وکشمیر کو اندھیروں کی طرف دھکیل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹنل کی تعمیر سے جموں وکشمیر کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے وسائل بھی پیدا ہوئے اور کشمیر کے ایک حصے کے نوجوانوں نے پتھروں کو کاٹ کاٹ کر ترقی کو یقینی بنایا اوران کشمیری بھائیوں جو پتھر بازی پر یقین رکھتے ہیں کو یہ پیغام دیا کہ پتھر کی طاقت کیا ہوتی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری نوجوان گمراہ ہوکر پتھر بازی کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف کشمیر کا ہی نوجوان ترقی کی طرف لمبی لمبی چھلانگیں مار رہا ہے ۔ وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے کہا ’کشمیری نوجوان کے پاس 2 ہی راستے ہیں ، Tourism یا Terrorism ، فیصلہ ان کو کرنا ہے کہ وہ کس راستے پر جانا چاہتے ہیں کیونکہ یہ راستے کشمیری نوجوانوں کیلئے مستقبل کا فیصلہ کریں گے ‘ ۔ وزیر اعظم ہند نریندرا مودی نے کہا ’ 40 سال گزر گئے معصومین نے اپنی جانیں گنوادیں ، میری وادی لہو لہان ہوئی ، کشمیری ماں نے اپنا لال کھو دیا ، ہندوستانی نے اپنا لال کھو دیا لیکن کسی نے کچھ حاصل نہیں کیا ‘۔