نوجوان نسل کی کردار سازی وقت کی اہم ضرورے:میرواعظ عمر فاروق

سرینگر// جموںوکشمیر کو مسلکی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کی سرزمین قرار دیتے ہوئے متحدہ مجلس علما ءکے امیر میرواعظ محمد عمر فاروق نے علماء اور بزرگان دین کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام مذہبی رواداری ، احترام آدمیت اوربین مسالک ہم آہنگی کی تعلیم دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ علمائے کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے منصبی فرائض کا احترام کرکے ایسے فروعی مسائل ابھارنے سے اجتناب کریں جو یہاں مسلکی منافرت کا باعث بن سکیں۔ادارہ محسن عالمین انٹرنیشنل جموںوکشمیر کے زیر اہتمام سرینگر میں امام اعظم ؒکانفرنس سے خطا ب کرررہے تھے۔ میرواعظ نے نوجوان نسل کی کردار سازی کو اشد ضرورت قرا ر دیتے ہوئے کہا ” ہمارے معاشرے میں جو بے راہ روی ، غیر اسلامی اور غیر انسانی رحجانات نظر آرہے ہیں اُسکی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ہماری نوجوان نسل اسلامی تعلیمات سے نابلد ہے“۔انہوں نے کہا ” اسلام زندگی کے ہر شعبہ میں مثبت رہنمائی کرنے والا دین ہے اور پیغمبر اسلام ہمارے لئے اسوئہ حسنہ ہے اور اسی اسوہ کی اتباع کرتے ہوئے ہر دور میںائمہ، علماءاور اولیائے کرام نے بنی نوع انسان کو نجات اور کامرانی سے ہمکنار کیا ہے“ ۔
میرواعظ نے حضرت امام ابو حنیفہؒ کی تاریخ ساز فقہی اور علمی خدمات کو قیامت تک آنے والی نسلوں کیلئے مینارئہ نور قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام ابو حنفیہؒ اور دیگر ائمہ اور بزرگان دین نے اسلام کو سمجھنے اور سمجھانے میں اپنی پوری زندگی وقف کی اور آج ہمارے سامنے اسلام کے جو فقہی اور دینی مسائل رہنمائی کیلئے موجود ہیں، وہ ان ہی شخصیات کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔میرواعظ نے امام اعظمؒ کانفرنس کے انعقاد پر محسن عالمین انٹر نیشنل کے منتظمین خاص طور پر مشتاق احمد ہمدانی اور میر بشیر احمد کنٹھ کو خراج تحسین پیش کیا۔