سرینگر/ولایت ٹائمز نیو ز سرویس/متحدہ مجلس علما جموںوکشمیر جس کی قیادت میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کررہے ہیں اور جس میں جموںوکشمیر کی تمام سرکردہ دینی ، ملی ، تعلیمی اور سماجی انجمنیں اور تنظیمیں شامل ہیں نے اپنے ایک مشترکہ اور احتجاجی بیان میں نام نہاد مہنت نرسنگھ نند کے پیغمبر انسانیت اور امن و اخوت کے داعی اعظم پیغمبراسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس طرح کے گستاخانہ بیانات کومکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا ہے اور اس کی سخت مذمت کی ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں اور ان تمام لوگوں کو جو پیغمبروں اور مذہبی شخصیات کے تئیں احترام اور عقیدت رکھتے ہیں اس طرح کی شر انگیز کوشش جان بوجھ کر مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنا ہے اور ان شرارتی عناصر کا ایجنڈا فرقہ واریت کو ہوا دیکر مختلف برادریوں کے درمیان نفرت کو فروغ دیکر فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دینا ہے۔
مجلس علما نے کہا کہ مذکورہ گستاخ شخص کا ماضی میں بھی نفرت پھیلانے کے ٹریک ریکارڈ کے باوجود اور جسے ضمانت پر رہا کیا گیا ہے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے والے ذمہ داروں کے عزائم کے بارے سنگین خدشات کو جنم دیتا ہے ۔
مجلس علما نے مذکور شخص کی ضمانت رد کرکے اسے فوری طور گرفتار کرنے کا پُر زور مطالبہ کیاہے اور اس بات پر زور دیاہے کہ ایسے دریدہ دہن اور گستاخ کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
واضح رہے کہ متحدہ مجلس علماجموںوکشمیر میں درج ذیل تنظیمیں جن میں انجمن اوقاف جامع مسجدسرینگر، دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ ، مسلم پرسنل لاءبورڈ کشمیر،انجمن شرعی شیعان، جمعیت اہلحدیث، جماعت اسلامی ،کاروان اسلامی، اتحاد المسلمین،جامعہ سبیل الھدیٰ بمنہ سرینگر کشمیر، انجمن حمایت الاسلام،انجمن تبلیغ الاسلام،جمعیت ہمدانیہ،انجمن علمائے احناف،دارالعلوم قاسمیہ،دارالعلوم بلالیہ ، انجمن نصرة الاسلام، ادارہ غوثیہ سرائے بالا، انجمن مظہر الحق،جمعیت الائمہ والعلمائ، انجمن ائمہ و مشائخ کشمیر،دارالعلوم نقشبندیہ ، دارالعلوم رشیدیہ ،اہلبیت فاؤنڈیشن،مجلس علمائے امامیہ کشمیر، مدرسہ کنز العلوم ،پیروان ولایت،اوقاف اسلامیہ کھرم سرہامہ ،بزم توحید اہلحدیث ٹرسٹ، انجمن تنظیم المکاتب ، محمدی یتیم ٹرسٹ، انجمن انوار الاسلام،کاروان ختم نبوت، دارالعلوم سید المرسلین، انجمن علما و ائمہ مساجد ، فلاح دارین ٹرسٹ ویلفیئر سوسائٹی اسلام آباد،اشرف العلوم حیدرپورہ، دارالعلوم داوؤدیہ بٹہ مالو،دارالعلوم فرقانیہ نوشہرہ، مدرسہ ضیاءالعلوم پونچھ،دارالعلوم داؤدیہ خانیار، جمعیت العلماء، سراج العلوم، ادارہ وحدة المکاتب ، دارالعلوم امدادیہ نٹی پورہ،دارالعلوم جامعة الرشاد اونتی پورہ، خانقاہ مرادیہ جامع مسجد کریری،دارالعلوم صوت القرآن گلشن آباد، عوامی راحت ٹرسٹ، امامیہ فیڈریشن کشمیر، النور ٹرسٹ سرینگر کشمیر،شاہین سنڈیکیٹ سوشل ٹرسٹ اور دیگر جملہ معاصر دینی، ملی ، سماجی اور تعلیمی انجمن کے ذمہ داران شامل ہیں۔