کابل حملہ سے انسانیت سوگوار: وسیم رضا کشمیری

سرینگر/ولایت تائمز نیوز سرویس/15مئی 2021/کابل میں ایک اسکول پر ہونے والے مذموم اور ناقابل معافی بم حملے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایران میں مقیم نوجوان کشمیری اسلامی اسکالر وسیم رضا نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حرکت کو اسلامی مخالف گروہوں کی کارستانی اور سازش قرار دیا۔ وقت تقاضا کرتا ہے کہ تکفیری گروہوں اوران سے وابستہ تربیتی مراکز کے خاتمے کیلئے ایک عالمگیر وحدت کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ٹولہ  اسلام کی شبیہ کو داغدار کرنے کے لئے زہریلی نفرتوں کے گٹھ جوڑ سے معصوم عوام کا ہر جگہ خون بہاتے ہیں۔

یہاں جاری ایک بیان میں عالمی شہرت یافتہ المصطفی (ص) بین الاقوامی یونیورسٹی ایران اور جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے سیاسی تجزیہ کار وسیم رضا کشمیری نے کہا کہ آئے روز ایسے ہی نہتے انسانوں کاخون بہتا رہے گا جب تک اس فتنہ کو جڑھ سے ختم نہیں کیا جاتا۔دہشت گردی کوبڑھاوا دینے کی خاطر ”تکفیری گروہ امت مسلمہ میں اضطرابی اور امن کو درہم برہم کرنے کیلئےسازشیں انجام دیتے ہیں جن کی بنیاد افغانستان، پاکستان اور دیگر ممالک سے وابستہ ہے۔نفرت انگیزاور تکفیری فکر کو پروان چڑھانے کیلئےکئی ممالک میں باضابطہ مدارس چلا ئے جاتے ہیں جہاں مکمل طور معصوم نوجوان کے ذہنوں کو خراب اور انہیں اسلام کے حقیقی راستے سے منحرف کرنے کیلئے خودساختہ  جہاد کی جانب راغب جاتا ہے۔

یہ بزدل ٹولہ بے رحمی کے ساتھ تعلیمی اور دیگر قابل احترام مقامات کو دھماکے سے اڑاتے ہوئے انسانی کا خون بہاتے ہیں جو ان کے مطابق ایک واجب اعمال ہے جس کی آقا ی نامدار حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کےدین مبین رحمت میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔اسلام امن اور خوشحالی کا دین ہے جو نہ فقط مسلمانوں بلکہ دیگر مذاہب کےپیروکاروں کو بھی سلامتی اور تحفظ کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔

المصطفیٰ (ص) انٹرنیشنل یونیورسٹی کے دینی طالب علم وسیم رضا کشمیر ی نے بتایا کہ ان گھناؤنے حملوں میں ملوث افراد انسان کہلانے کے لائق نہیں ہیں۔ افغا ن و دیگر حکومتوں کو خطے سے مستقل طور اس بیماری کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مختلف مکاتب فکر کے علماء حضرات ، دانشوروں اور میڈیا اداروںسے اپیل کی کہ وہ عام عوام کو اسلام کی اصل تعلیمات اور ان دہشت گرد گروہوں کے انسان کش حرکات کے بارے میں بیدار کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں۔

وسیم رضا نے کابل کی ایک اسکول پر خوفناک دہشتگرانہ بم حملے میں متاثرین کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔