سرینگر/ولایت ٹائمز نیوز سرویس/جموں کشمیر کی رحمۃ اللعالمین فاونڈیشن کے زیراہتمام ٹائیگور ہال سرینگر میں یک روزہ ”سالانہ رحمۃ اللعالمین کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام ، دانشوروں اور دیگر شعبہ جات سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
ولایت ٹائمز نیوز سرویس کو موصولہ بیان کے مطابق رحمۃ اللعالمین فاونڈیشن کی جانب سے منعقدہ کانفرنس میں مقررین نے سیرت رحمۃ اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر مفصل روشنی ڈالی اور جموں وکشمیر کی سماجی اور معاشرتی صورتحال کے تناظر میں اس طرح کے اجلاس اور تقریبات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے سماج میں بڑھتی بے راہ روی، منشیات اور شراب جیسی برائیوں کے شکار افراد کو نجات دینے کی ضرورت اور برائیوں کا قلع قمع کرنے کیلئے متحد ہونے کی تاکید کی گئی۔مقررین نے آپسی وحدت اور تفرقہ پھیلانے والے عناصر سے ہوشیار رہنے کی عوام سے تلقین کی۔
کانفرنس کی صدارت فاونڈیشن کے چیرمین شیخ فردوس علی اور نظامت کے فرائض محمد حسین زالپوری نے انجام دیئے۔ جن سرکردہ علما اور دانشور حضرات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ان میں ڈاکٹر سمیر شفیع صدیقی ، حجۃ الاسلام مولانا مسرور عباس انصاری ، مولانا مفتی مدثر احمد قادری ، مولانا غلام محمد گلزار، مولانا عاشق حسین ، ڈاکٹر مہجبینہ نبی اور سید مجتبیٰ وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔
آخر پر سماج سے جڑے مختلف شعبہ جات میں بہترین کاکردگی انجام دینے والے افراد اور طلباء و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔