کشمیر میں آرٹ کے ورثہ کی بحالی اور نوجوان نسل میں موجود فن کو نکھارنے کی خاطر سرینگر میں دو روزہ فائن آرٹ نمائش کا اِفتتاح

سر ی نگر/ولایت ٹائمز نیوز سرویس/16فروری 2021 /چیف ایگزیکٹیو آفیسر سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری جو صوبہ کمشنر کشمیر کا اِضافی چارج سنبھال رہے ہیں ، نے یہاں ٹی آر سی میں دو روزہ فائن آرٹ نمائش کا اِفتتاح کیا۔ نمائش کا اہتمام سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ نے محکمہ سیاحت کشمیر کے اشتراک سے کیا ہے۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر شاہداِقبال چودھری نے اپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ اِس اقدام کا مقصد خطے کے ورثے کو زندہ رکھنا ہے ۔ اِس کے علاوہ وادی کے نوجوان اور اُبھرتے ہوئے فنکاروں کو اَپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ اُنہوں نے اس تعاون کے لئے محکمہ سیاحت کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے پلیٹ فارم سے نوجوان فنکاروں کو ایک ہی چھت تلے لانے اور ان کے حوصلے بلند کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے مقامی لوگوں اور سیاحوں سے فنکاروں اور ہنر کی حوصلہ افزائی کے لئے نمائش میں آنے کی اپیل کی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہاں دکھائے گئے فن پارے بالکل جدید اور خوبصورت ہیں جہاں ہر فنکار نے اِظہار خیال کرنے کا ایک انوکھا انداز پیش کیا ہے۔نمائش کے پہلے دِن میں زبردست ٹرن آئوٹ دیکھا گیا اور فنکاروں نے سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ اور محکمہ سیاحت کے حکام کا اعتماد بڑھانے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔
اِس موقعہ پرناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی جاوید بخشی ، سب ڈویژنل مجسٹریٹ سری نگر ہریندر سنگھ ، محکمہ سیاحت اور سری سمارٹ سٹی لمٹیڈ کے دیگراعلیٰ اَفسران کے علاوہ ہنر مند اور لوگ موجود تھے۔اِس سے قبل ڈاکٹر شاہداِقبال چودھری نے فنکاروں میںمومنٹوز اور نقد انعامات تقسیم کئے ۔نمائش سب کے لئے 16 اور 17 ؍فروری 2021 ء کو کھلا رہے گی۔