سرینگر/ساجد رسول /28دسمبر2015/ کشمیر میں ’’ اقدار کربلا‘‘ عنوان کے تحت ایک سیمنار منعقد ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر سے وابستہ سرکردہ علماء و دانشور حضرات نے شرکت کی ۔ سیمنار کشمیر یونیورسٹی کے ابن خلدون آڈیٹوریم میں منعقد ہوا جس کا اہتمام ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر ، کشمیر یونیورسٹی نے کیا تھا۔’’ اقدار کربلا ‘‘ زیر عنوان سیمنار میں علماء تشیع و علماء تسنن کے علاوہ مختلف دانشوروں نے فلسفہ شہادت امام حسین ؑ پر روشنی ڈالی۔ سیمنار میں سینکڑوں طلباء و طالبات کے علاوہ یونیورسٹی سے وابستہ اساتید و دیگر عملے نے بھی شرکت کی۔سیمنار سے جن سرکردہ علماء نے خطاب کیا ان میں تحریک مکاتب امامیہ کے بانی مولاناغلام علی گلزار صاحب، مولانا منظور احمد ملک صاحب اور مولانا پیر سمیر صدیقی صاحب قابل ذکر ہیں اس کے علاوہ یونیورسٹی سے وابستہ متعدد دانشوروں نے بھی شہداء کربلا کے تئیں اپنا نظرانہ عقیدت پیش کیا۔مقررین نے اس دوران امت مسلمہ میں اس وقت درپیش مسائل پر گفتگو کی ۔ انہوں نے کہا کہ امت اسلامیہ میں اس وقت جو درپیش مسائل ہیں ان تمام مسائل کا کا حل اتحاد اسلامی میں مضمر ہے۔ انہوں نے اس دوران عالمی سطح پر ابھرتی دہشتگرد ی من جملہ داعش و دیگر ایسی تنظیموں کی طرف سے انسانی جانوں کے ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔