سرینگر/حریت کانفرنس (ع)کے چیرمین اور متحدہ مجلس علماء کے امیر میرواعظ مولوی عمر فاروق نے پیغمبر اسلام ﷺ کے اسوۂ کاملہ کی پیروی کو نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری نوع انسانی کے جملہ مسائل اور مشکلات کا حل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج اگر مقامی اور بین الاقوامی سطح پر مسلمان ایک پر آشوب حالات اور مختلف قسم کی سیاسی اور سماجی مسائل میں گھرے ہوئے ہیں تو اسکی بنیادی وجہ اللہ تعالیٰ اور اسکے آخری رسول ﷺ کی تعلیمات سے دوری ہے ۔’’ولایت ٹائم‘‘ کو موصولہ بیان کے مطابق ماہ ربیع الاول کی آمد کے موقع پر معروف ولی کامل اور عظیم روحانی پیشوا حضرت خواجہ بہاؤ الدین نقشبندؒ کے عرس پاک کے سلسلے میں ان کی زیارت گاہ نقشبند صاحب کی خانقاہ فیض پناہ خواجہ بازار میں خوجہ دگر کے موقعہ پر منعقدہ ایک مجلس کے دوران میرواعظ نے اس عظیم ولی کامل کی زندگی ، انکی عظیم تعلیمات اور انسانی سماج کے تئیں انکی خدمات کے نتیجے میں گرانقدر اثرات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔